Monday 27 October 2014

قطر کی دولتِ اسلامیہ کو امداد فراہم کرنے کی تردید

News
     

قطر کی دولتِ اسلامیہ کو امداد فراہم کرنے کی تردید

قطر ستمبر سے شام میں دولت اسلامیہ کے خلاف قائم ہونے والے امریکی اتحاد کا حصہ ہے
قطر کے اعلیٰ حکام نے سختی کے ساتھ ان الزامات کی تردید کی ہے کہ ان کا ملک شام میں دولت اسلامیہ جیسی کسی بھی دہشت گرد تنظیم کی مدد کر رہا ہے۔
تاہم قطری حکام نے معتدل جنگجوؤں کی امداد کا اعتراف کیا ہے۔
قطر کے حکام نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے اور دوسری مغربی اور عرب انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ساتھ مل کر صرف معتدل جنگجوؤں کو امداد دی ہے۔ اس کے ساتھ انھوں نے کہا کہ مالی تعاون پر سختی کے ساتھ کنٹرول جاری ہے۔
یہ معلومات قطر کے حکمراں شیخ تمیم بن حمد الثانی کے اس ہفتے برطانوی دورے سے قبل سامنے آئی ہیں۔
رواں ماہ کے اوائل میں برطانیہ کے بہت سے ارکانِ پارلیمان نے قطر کے ساتھ برطانیہ کے قریبی تعلقات کے بارے میں سوال اٹھائے تھے۔
سنہ 2012 میں شام کے متعلق پالیسی کی ذمہ داری جب قطر کی انٹیلیجنس لی اس کے بعد سے مالی کنٹرول لایا گیا ہے اور کئی مشتبہ مالی امداد کرنے والوں کو گرفتار کیا گیا ہے
بی بی سی کے نمائندے فرینک گارڈنر کا کہنا ہے کہ قطر، جو برطانیہ میں سرمایہ کاری کرنے والا اہم ملک ہے، ان الزامات پر غصے اور ناراضی کا اظہار کر رہا ہے۔
قطر کے امیر افراد کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ انھوں نے ماضی میں شام میں جنگجوؤں کی امداد کی ہے جبکہ حکومت نے اس سخت گیر اسلامی گروہ کو رقم اور ہتھیار فراہم کیے تھے۔
قطر کے بارے میں یہ خیال بھی ظاہر کیا جاتا ہے کہ اس کے القاعدہ سے منسلک جماعت النصرت فرنٹ سے روابط ہیں۔
لیکن قطر کی انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر سمیت دیگر حکام کا کہنا ہے کہ قطر کے پاس شام کے صدر بشار الاسد کی حکومت کے خلاف لڑنے والی جماعتوں کی حمایت کے متعلق کوئی ایسی چیز نہیں جسے چھپایا جا سکے۔
امریکی حملوں کے بعد دولت اسلامیہ کی پیش رفت تھم گئی ہے
حکام کا یہ بھی کہنا ہے کی شام کی خانہ جنگ میں مستقل تبدیلیاں رونما ہوتی رہی ہیں اور پہلے جو شخص یا گروہ معتدل تھا بعد میں وہ سخت گیر اسلام پسند گروہ میں شامل ہو گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ سنہ 2012 میں شام سے متعلق پالیسی کی ذمہ داری جب قطر کی انٹیلی جنس نے سنبھالی ہے، اس کے بعد سے مالیاتی نظم و ضبط لاگو کیا گیا ہے اور شدت پسندوں کو مالی امداد کرنے والے کئی مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ قطر ستمبر سے شام میں دولت اسلامیہ کے خلاف قائم ہونے والے امریکی اتحاد کا حصہ ہے اور قطر کے العدید ہوائی اڈے پر واقع امریکہ کے اہم فوجی اڈے سے دولت اسلامیہ کے خلاف کارروائیوں کی نگرانی کی جا رہی ہے۔

RELATED POSTS