سینسر سے سرطان، عارضہ قلب کی جلد تشخیص پر کام شروع
گوگل ایک ٹیکنولوجی پر کام کر رہا ہے جس سے کینسر، دل کا دورہ، سٹروکس اور دیگر بیماریوں کی تشخیص اثرات مرتب ہونے سے قبل کی جا سکے گی۔
گوگل کا کہنا ہے کہ ٹیکنولوجی کے ذریعے مرض کی تشخیص سے متعلق نینو پارٹیکلز کو کلائی پر پہنے ایک سینسر سے ملائے گی۔
اس ٹیکنولوجی کے ذریعے انسان کی حیاتیاتی کیمی میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کی نشاندہی کی جائے جس سے کسی مرض کی جلد تشخیص ممکن ہو گی۔
اس ٹیکنولوجی پر کام ابھی ابتدائی مراحل میں ہے۔
کسی بھی مرض کے علاج کے لیے اہم چیز اس کی جلد تشخیص کرنا ہے۔ بہت سے بیماریاں ایسی ہیں جیسے کے پتے کا سرطان جس کی نشاندہی اس وقت ہوتی ہے جب اس کا علاج ممکن نہیں ہوتا۔
گوگل کی کوشش ہے کہ وہ خون کی مسلسل جانچ کرتا رہے تاکہ کسی قسم کی تبدیلی کی نشاندہی پر اس کے اثرات مرتب ہونے سے قبل اس کا علاج کیا جا سکے۔
یہ ریسرچ گوگل کی ریسرچ کمپنی گوگل ایکس کر رہی ہے۔
گوگل حال ہی میں صحت کے شعبے میں کام کرنے لگی ہے۔ اس نے حال ہی میں کونٹیکٹ لیز بنائے ہیں جو ذیابیطس کے مریضوں کے خون میں گلوکوز کی مقدار کی نشاندہی کرتے ہیں۔