News
سعودی ’بابے ‘ نے محبت کی انوکھی داستان رقم کر دی
ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) اکثر جوڑے اپنی شادی کے دن کو یاد کرنے کیلئے اس کی سالگرہ مناتے ہیں لیکن ایک سعودی شخص نے شادی کی یاد تازہ کرنے کیلئے 30 سال بعد اپنی ہی بیوی سے دوبارہ شادی کرلی۔ اخبار ’’الوطن‘‘ کے مطابق خاتون کا کہنا ہے کہ ان کے 8 بچے ہیں اور ان کے خاوند بہت محبت کرنے والے ہیں لیکن انہوں نے یہ کبھی نہیں سوچا تھا کہ وہ شادی کی یاد تازہ کرنے کیلئے دوبارہ شادی کا انعقاد کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ یہ دیکھ کر حیران رہ گئیں کہ اچانک ان کے گھر مہمانوں کی آمد شروع ہوگئی اور جب باہر دیکھا تو پھولوں سے سجی گاڑیاں بھی تیار کھڑی تھیں۔ تیس سال بعد دوبارہ شادی کی تقریبات پہلے کی طرح ہی دھوم دھام سے منعقد کی گئیں اور اب دوبارہ دولہا دلہن بننے والا جوڑا دوسرے ہنی مون کیلئے بیرون ملک بھی روانہ ہورہا ہے۔
