Saturday, 8 November 2014

سمندر میں استعمال شدہ بوتلوں سےبنا سپنوں کا محل

News

سمندر میں استعمال شدہ بوتلوں سےبنا سپنوں کا محل

میکسیکو سٹی (نیوز ڈیسک) کھلے سمندروں میں واقع خوبصورت جزیرے قدرتی حسن کے منفرد ترین مناظر پیش کرتے ہیں۔ یوں تو دنیا کے سمندروں میں ہزاروں جزیرے موجود ہیں لیکن میکسیکو کے ساحل کے قریب ایک ایسا جزیرہ واقعہ ہے جس کی مثال کہیں اور نہیں ملتی۔ برطانیہ سے تعلق رکھنے والے 61 سالہ رچرڈ سووا نے سات سال کی محنت اور ڈیڑھ لاکھ سے زائد پلاسٹک کی بوتلوں کو استعمال کرکے ایک جزیرہ تخلیق کرلیا ہے جو سمندر کی لہروں پر تیرتا رہتا ہے۔ یہ مصنوعی جزیرہ میکسیکو کے ساحل کے قریب کینکن نامی علاقے میں موجود ہے اور رچرڈ نے اسے Joyxee Island جزیرے کانام دیا ہے۔ رچرڈ ایک آرٹسٹ ہیں اور ان کا کہنا ہے ک وہ پچھلے 20سال سے اپنا جزیرہ بنانے کا خواب دیکھ رہے تھے۔ انہوں نے استعمال شدہ پلاسٹک کی بوتلوں کو بڑی مقدار میں اکٹھا کرنا شروع کیا اور پھر انہیں ایک دوسرے کے ساتھ باندھ کر ایک وسیع و عریض سطح بنا لی جو سمندر کی لہروں کے اوپر تیرتی رہتی ہے۔
یہ جزیرہ جدید زندگی کی ہر سہولت سے مزین ہے اس میں سولر بجلی، انٹرنیٹ کنیکشن، بہترین قسم کے دو غسل خانے اور باورچی خانے جیسی سہولیات موجود ہیں۔
رچرڈ قدرتی غذاﺅ ں کا شوقین ہے اور اسی لئے اس نے اس جزیرے پر مٹی کابندوبست کرکے پھل اور سبزیاں بھی اگائے ہیں۔ جزیرے کے کناروں پر کھجور، تیمر اور پھلوں کے درخت ہیں۔ اس جزیرے پر ایک سال گزارنے کے بعد رچرڈ نے محسوس کیا کہ اب اس کی زندگی میں صرف ایک کمی ہے اور وہ تھی اس کے ساتھ زندگی گزارنے اور اس منفرد جزیرے سے لطف اندوز ہونے کے لئے کوئی خاتون ساتھی۔
خوش قسمتی سے جاپان سے تعلق رکھنے والی سابقہ ماڈل جوڈی باﺅلن فیس بک کے ذریعے اس کی دوست بن گئی اور اسے یہ جزیرہ بہت ہی پسند آیا اور اب اس نے یہاں پر رچرڈ کے ساتھ رہائش اختیار کرلی ہے۔اس کا کہنا ہے اگرچہ یہ مصنوعی جزیرہ ہے لیکن اس پر موجود سہولیات، پھلوں کے درخت، اور اردگرد کے قدرتی مناظر کی وجہ سے اسے دنیا کے بہترین اور خوبصورت ترین جزیروں میں شمار کیا جاسکتا ہے۔

RELATED POSTS