بھارتی اداکارہ سنگاپورمیں زیورات چوری کرتی پکڑی گئی
ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی اداکارہ نے بیرون ملک اپنے ملک کا نام بدنام کرنے میں کوئی کثر نہیں چھوڑی جہاں وہ سونے کے زیورات چوری کرتی ہوئی پکڑی گئی ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بنگالی فلم فیسٹول میں شرکت کےلئے سنگاپور جانے والی بھارتی اداکارہ سوستیکا مکھرجی نےایک دکان سے 255 ڈالر مالیت کی کانوں کی بالیاں چوری کرلیں تاہم وہاں لگے خفیہ کیمرے نےاس کا راز ظاہر کر دیا۔ بعد میں ابتدائی طور پر تو اداکارہ نے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس نے سونے کی بالیاں چوری نہیں کی بلکہ وہاں سے خریدی ہیں جس کی رسید بھی موجود ہے تاہم جب وہ ثبوت فراہم نہ کرسکی تو اس نے اپنا بیان بھی تبدیل کر لیا۔ بعد میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے یہ بالیاں غیر دانستہ طور پر ان کے بیگ میں رہ گئی ہوں۔
دکان کے مالک کا کہنا تھا کہ وہ اداکارہ کے خلاف پولیس کے پاس کسی قسم کی شکایت درج نہیں کرانا چاہتا بس وہ بالیاں انہیں واپس لوٹا دی جائیں۔ سنگاپور کے قانون کے مطابق اگر کسی صارف پر دکان سے چوری کرنے کا الزام ثابت ہوجائے تو اسے کم از کم 10 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔