داؤد ابراہیم کی زندگی کے پوشیدہ پہلو
ممبئی(بیورونیوز)داؤد ابراہیم جرائم کی دنیا کے پرسرار ترین کرداروں میں سے ایک ہے . بھارتی حکومت آج بھی اس کا شمار اپنے بڑے دشمنوں میں کرتی ہے تاہم داؤد ابراہیم کی آجکل کی مصروفیات بھی اس کے ماضی کی طرح ہیں اور ان کے بارے میں بھی کسی کو کم ہی معلوم ہے . قارئین کی دلچسپی کے لئے ہم نے داؤد ابراہیم کی زندگی کے بارے میں دستیاب معلومات مرتب کی ہیں . ان میں سے زیادہ تر باتیں اس کے حلقہ احباب سے منسوب کی جاتی ہیں ، اس میں کتنا سچ ہے اور کتنا افسانہ یہ شاید ہی کوئی بتا سکے . داؤد ابراہیم پولیس کانسٹیبل ابراہیم کاسکر کے گھر،مہاراشٹرا کے شہر رتناگری کے ایک گائوں ممکا میں 27 دسمبر 1955 ء کوپیدا ہوا ۔پیدائش کے سرٹیفیکیٹ پر اس کا نام شیخ دائود ابراہیم کاسکر تحریر ہے۔ جبکہ اس کو دائودابراہیم اور شیخ دائود حسن کے ناموں سے بھی بلایا جاتا رہا ہے ۔ انٹرپول کی 2008ء کی تیار کردہ فہرست کے مطابق داؤد ابراہیم کا نام 10 سب سے زیادہ مطلوب شخصیات میں چوتھے نمبر پر ہے، جبکہ فوربز کی رپورٹ کے مطابق دنیا کے سب سے طاقتور ترین اشخاص میں دائودابراہیم کا نمبر 57 ہے۔انڈیا کے سب سے بڑے جاسوسی ادارے سی بی آئی کے مطابق داؤد اپنی شناخت چھپانے کے لیے 13 مختلف ناموں کا استعمال کرتا ہے۔داؤدابراہیم کا قد پانچ فٹ چار انچ ہے اور اس کی بائیں ابرو پر کالاتل ہے ۔اس کی ایک بیٹی ماہرخ ابراہیم کی شادی مشہور کرکٹر جاویدمیانداد کے بیٹے جنید میانداد کے ساتھ ہوئی۔ جاوید میانداد کے مطابق اُس کے بیٹے جنید کی داؤد ابراہیم کی بیٹی ماہرخ سے ملاقات لندن میں تعلیم حاصل کرنے کے دوران ہوئی ۔