ریپ کے مجرموں کے لیے بہترین سزا تجویز کر دی
بھارت میں خواتین کی عصمت دری کے واقعات میں ناقابل یقین اضافے نے ہر شریف شہری کو پریشان اور خوفزدہ کردیا ہے اور انہیں میں سے ایک فلمسٹار اکشے کمار بھی ہیں۔ اخبار ”ہندوستان ٹائمز“ کے ساتھ ایک حالیہ انٹرویو میں اکشے سے اس خوفناک مسئلے کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب کا آغاز اس بات سے کیا کہ وہ خود ایک ننھی بیٹی کے باپ ہیں اور سوچتے ہیں کہ دہلی جیسے شہر میں بسنے والے والدین بیٹیوں کے بارے میں کس قدر پریشان ہوں گے۔
جب ان سے مسئلے کے حل کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے سخت لہجے میں جواب دیا کہ عصمت دری کے بھیانک جرم کا ارتکاب کرنے والے درندوں کو فوری طور پر نامرد کردینا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی عورت کی عزت پامال کرکے اس کی زندگی برباد کرنے والے بدکردار لوگوں کو مرد کہلانے کا کوئی حق نہیں اور جیل کی سزا ان کیلئے ہرگز کافی نہیں کیونکہ وہ پھر اسی جرم کا ارتکاب کریں گے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ دہلی دنیا میں خواتین کی عزت کی پامالی کی علامت بن چکا ہے۔
