Friday, 23 January 2015

سعودی فرماں رواشاہ عبداللہ علالت کے بعد انتقال کرگئے، شہزادہ سلمان نئے سربراہ مملکت منتخب

News
سعودی فرماں رواشاہ عبداللہ علالت کے بعد انتقال کرگئے ہیں ، اُن کی عمر 91برس تھی ۔سرکاری ترجمان نے الرمین الشریفین شا ہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی موت کی تصدیق کردی ۔
شاہی خاندان کے ذرائع کے مطابق شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی نماز جنازہ عصر کے بعد ہوگی ۔
عرب میڈیا کے مطابق شاہ عبداللہ کو مہروں کی تکلیف بھی تھی جبکہ تین ہفتےقبل اُنہیں نمونیا کی شکایت پر ہسپتال داخل کرایاگیاتھا، دل ، گردوں اور پھیپھڑوں نے کام کرناچھوڑدیاتھا۔ اُنہوں نے سوگواران میں چار بیویاں ، سات بیٹے اور 15 بیٹیاں چھوڑی ہیں ، شاہ عبداللہ یگم اگست 1924ء کو پیدا ہوئے تھے ۔
عرب میڈیا کے مطابق شاہ عبداللہ کے انتقال کے بعد شہزادہ سلمان  نئے فرماں روا بن گئے ہیں او ر وہ نماز عشاء کے بعد حلف اُٹھائیں گے جبکہ شہزادہ مقرن کو سعودی سلطنت کا ولی عہد مقررکردیاگیا۔
شاہ عبداللہ اٹھارہ ارب ڈالر کے ساتھ دنیا بھر میں چوتھے امیر ترین سربراہ مملکت تھے اور اُنہوں نے 2005ء میں شاہ فہد کے انتقال پر عہدہ سنبھالا تھا جبکہ وہ 1962ء میں سعودی نیشنل گارڈ کے کمانڈز منتخب ہوئے تھے  ۔وہ 1961ء میں مکہ کے میئر رہے ہیں جبکہ 1975ء میں شاہ خالد نے نائب وزیراعظم مقرر کردیاتھا۔اُنہیں دنیا کا آٹھوں طاقتور ترین شخص سمجھا جاتاتھا۔
شاہ عبداللہ کو خواتین کے حقوق کے سلسلے میں بہترسربراہ مملکت تصور کیاجاتاہے ، اُنہوں نے خواتین کو ووٹ ڈالنے اور اولمپکس کھیلنے کا حق دیاتھا جبکہ امریکہ و برطانیہ کے ساتھ قریبی تعلقات استوار کیے اور اربوں ڈالر کے دفاعی سازوسامان کی خریداری سمیت مختلف معاہدے کیے ۔
شاہ عبداللہ کی وفات پر امریکی صدر باراک اوباما اور وزیراعظم نوازشریف سمیت دنیا بھر کے حکمرانوں نے انتہائی گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا جبکہ فلسطین کے صدر محمود عباس نے شاہ عبداللہ کے انتقال پر تین روزہ سوگ کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم نواز شریف نے اپنے بیان میں کہاہے کہ پاکستان ایک اچھے دوست سے محروم ہوگیا، دکھ کی اس گھڑی میں پاکستانی قوم شاہی خاندان کے ساتھ ہے جبکہ اس سے قبل وزیراعظم نواز شریف سعودی عرب میں ہی شاہ عبداللہ کی عیادت بھی کرچکے ہیں ۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے بھی شاہ عبداللہ کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ، اُن کاکہناتھاکہ شاہ عبداللہ نے امن کے قیام کے لیے اہم کردار اداکیا۔

RELATED POSTS