صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا میں حکام کے مطابق دو مبینہ خودکش حملہ آور اپنی ہی بارودی جیکٹ پھنٹے سے ہلاک ہو گئے ہیں۔
یہ واقعہ سنیچر کو سرگودھا شہر کے علاقے خیام چوک سے ملحقہ گلی میں پیش آیا۔
پولیس کے مطابق دھماکہ اُس وقت ہوا جب مبینہ خودکش حملہ آور بارودی جیکٹ پہن رہے تھے۔
دھماکے کے بعد بم ڈسپوزل سکواڈ ، ریسکیو اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور قریب میں واقع تمام دکانوں کو بھی بند کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق دھماکے سے دو مبینہ خودکش حملہ آور ہلاک ہوئے تاہم مزید کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
سرگودھا کے ضلعی پولیس افسر سجاد حسین منج نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ کہ دھماکے کے بعد دیواروں پر ایسے نشانات ظاہر ہیں جو کہ کسی بارودی مواد کے پھٹنے سے ظاہر ہوتے ہیں۔
سجاد حسین منج کا کہنا تھا کہ بارودی مواد زیادہ مقدار میں نہ ہونے کی وجہ سے قریبی املاک کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا۔
ضلعی پولیس افسر نے مزید کہا کہ ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کیا جائے گا۔
پولیس کے مطابق ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ مبینہ خود کش حملہ آوروں کا ہدف کیا تھا اِس بارے میں تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے صوبہ پنجاب کے شہر گجرانوالہ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں پاکستان مسلم لیگ ن کے ممبر صوبائی اسمبلی رانا شمشاد اور ان کے بیٹے کو نامعلوم مسلح افراد نے نشانہ بنایا تھا۔ بعد ازاں اس کی ذمہ داری کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان نے قبول کی تھی