سرکاری اداروں میں بھرتی کا عمل شروع کرنے کیلئے گرین سگنل دیدیا گیا
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے سرکاری اداروں، محکموں، وزارتوں اور خودمختار اداروں میں بھرتی کی گائیڈلائن جاری کردی ہے اور آئندہ چند روز میں ابتدائی تخمینہ کے مطابق ایک لاکھ آسامیوں پر بھرتی کا عمل چند ہفتوں میں شروع کرنے کے لئے گرین سگنل دیدیا گیا ہے۔ واٹر اینڈ پاور میں سب سے بڑی بھرتی ہوگی جہاں خالی آسامیوں کا تخمینہ 20ہزار لگایا گیا ہے۔ وفاقی حکومت کی طرف سے بھرتی پر پابندی اٹھانے کا نوٹیفکیشن ستمبر میں جاری کردیا گیا تھا تاہم اس میں ایک پابندی بھی عائد کی گئی تھی کہ حکومت بھرتی سے قبل گائیڈ لائن جاری کرے گی اور اس سے پہلے بھرتی شروع نہ کی جائے جس کی وجہ سے بھرتی کا عمل روکا گیا تاہم دھرنوں سے پیدا شدہ دباو¿ کے پیش نظر گائیڈ لائن بھی جاری کر دی گئی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ گائیڈلائن میں یہ پابندی عائد کی گئی ہے کہ تمام سرکاری ادارے بھرتی سے قبل اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے این او سی حاصل کریں گے کہ سرپلس پول میں اس کیٹگری میں فاضل سرکاری ملازم موجود تو نہیں ؟ گریڈ 16اور اس کے اوپر کی تمام آسامیوں پر ایف پی ایس سی کے ذریعے ہو گی۔ گریڈ 3سے گریڈ 5 کی آسامیوں پر ایسی بھرتی جس میں ملازم نے مخصوص صوبے یا علاقے میں رہنا ہوتا ہے ان آسامیوں پر بھرتی اس صوبے یا علاقے کے ڈومیسائل رکھنے والے امیدواروں میں سے ہوگی۔ گریڈ ایک اور 2 کی آسامیوں پر مقامی افراد کو بھرتی کیا جائے گا۔