سعودی حکومت نے خواتین کی خوشیوں پر فوری پانی پھیر دیا
ریاض گزشتہ روز دنیا بھر کے اخبارات میں خبریں شائع ہوئیں کہ سعودی شوریٰ کونسل نے تجویز پیش کی ہے کہ سعودی خواتین کو ڈرائیونگ کی مشروط اجازت دے دی جائے۔ یہ خبر امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کی جانب سے جاری کی گئی تھی تاہم اب شوریٰ کونسل نے اس خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی کوئی تجویز نہیں دی گئی۔
امریکی خبر رساں ادارے کی خبر میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ سعودی شوریٰ کونسل کی تجویز کے مطابق 30 سال سے زائد عمر کی خواتین اپنے مرد رشتہ دار کی جانب سے اجازت کے بعد صبح 7 سے رات آٹھ بجے تک گاڑی چلاسکیں گی اور انہیں میک اپ استعمال کرنے کی اجازت بھی نہ ہوگی۔ تاہم شوریٰ کونسل کے ترجمان محمد المُہانا نے تردید کرتے ہوئے اس رپورٹ کو بے بنیاد قرار دیا ہے اور واضح کیا ہے کہ اس قسم کی کوئی تجویز زیر غور نہیں۔