ملالہ یوسفزئی کا فلسطینی بچوں کے لئے قابل تحسین اقدام
یروشلم (نیوز ڈیسک) اقوام متحدہ کی فلسطین پناہ گزین ایجنسی نے بدھ کے روز ایک بیان میں بتایا ہے کہ سب سے کم عمر نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے غزہ میں اقوام متحدہ کے سکولوں کی تعمیر نو کے لئے50ہزار ڈالر کی رقم عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے،17سالہ پاکستانی بچوں کے حقوق کی علمبردار ملالہ نے منگل کے روز سٹاک ہوم میں عالمی بچوں کا انعام جیتا اور ایک بیان میں کہا کہ وہ اس انعام سے حاصل ہونے والی تمام رقم اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی(UNRWA) کو عطیہ کر دے گی۔ اس سلسلے میں ملالہ نے کہا کہ فلسطینی بچے لمبے عرصے سے مشکلات برداشت کر رہے ہیں، ہمیں نہ صرف فلسطینی بچے بچیوں بلکہ دنیا بھر کے بچوں کی تعلیم اور محفوظ آب و ہوا کو یقینی بنانے کے لئے کام کرنا چاہیے۔ غزہ میں پچھلے پچاس دنوں سے اسرائیل کی لشکر کشی اور بمباری سے تمام سکولوں کو نقصان پہنچا اور2200افراد لقمہ اجل بن گئے جن میں ایک چوتھائی بچے شامل تھے۔ UNRWA کے ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ ہم ملالہ کے اس اقدام کو سراہتے ہیں۔