وزیراعظم نواز شریف نے عمران خان کے دھرنا ختم کرنے کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے تحفظات کا ازالہ ہو گا۔ عمران خان کی جانب سے سانحہ پشاور کے غم میں اسلام آباد کا دھرنا ختم کرنے کے اعلان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا ہے کہ عمران خان کے مثبت اقدام سے قومی عزم کو تقویت ملی ہے۔ باہمی مشاورت سے اور تحریک انصاف کے اطمینان کے مطابق مسائل کا حل تلاش کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اسلام آباد کا دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے اصول کیلئے تحریک کا آغاز کیا جن پر آج بھی قائم ہے اور جنگ لڑتی رہے گی لیکن ملکی حالات کے پیش نظر اسلام آباد کا دھرنا ختم کر رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف کو اصولی طور پر جوڈیشل کمیشن بنائیں جو تحقیقات کرے اور دھاندلی ثابت ہونے پر دوبارہ الیکشن کرائے جائیں۔
