خواتین کی نسبت مرد نزلہ زکام کا زیادہ شکار کیوں ہوتے ہیں ؟سائنس نے جواب دے دیا
بوسٹن روایتی خیالات و نظریات کے مطابق مردوں کو خواتین کی نسبت کہیں زیادہ طاقتور سمجھا جاتا ہے لیکن ایک تازہ سائنسی تحقیق کے مطابق خواتین کی قوتِ مدافعت مردوں سے زیادہ ہوتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ نزلہ و زکام، فلو اور نمونیا جیسے مسائل مردوں میں خواتین کی نسبت زیادہ شدید ہوتے ہیں۔ یہ دلچسپ تحقیق امریکہ کی مشہور و معروف ہاروڈ یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے کی ہے اور اسے سائنسی جریدے "Life sciences" میں شائع کیا گیا ہے۔ سائنسدانوں نے معلوم کیا کہ خواتین میں پایا جانے والا جنسی ہارمون الیسٹروجن ان کی قوت مدافعت کو بہت مضبوط کردیتا ہے اور وہ اکثر بیماریوں کے خلاف بہتر طور پر لڑسکتی ہیں۔ خصوصاً زکام، فلو اور نمونیا جیسے مسائل خواتین میں شدت اختیار نہیں کرسکتے کیونکہ وہ مردوں کی نسبت بہتر مدافعتی نظام رکھتی ہیں۔ مردوں میں چونکہ یہ ہارمون نہیں ہوتا اس لئے وہ ان بیماریوں سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں، تاہم یہ بھی درست ہے کہ خواتین عام طور پر ان بیماریوں کو محسوس زیادہ کرتی ہیں اور بظاہر یہی لگتا ہے کہ وہ زیادہ متاثر ہوئی ہیں جبکہ مرد عام طور پر ان بیماریوں کو نظر انداز کرتے رہتے ہیں۔