Sunday 18 January 2015

پاکستان نے ’حقانی نیٹ ورک‘ پر پابندی لگادی ، باضابط اعلان جلد متوقع

News
 پاکستان نے امریکی مطالبے پر القاعدہ کے اتحادی گروپ ’حقانی نیٹ ورک‘ پر پابندی عائد کردی ہے جس کا باضابطہ اعلان جلد متوقع ہے ۔ 
عرب میڈیا نے حکومت کے ایک سینئر عہدےدارکے حوالے سے بتایاگیاہے کہ حقانی نیٹ ورک پر پابندی کے لیے باضابطہ اعلان آئندہ چند ہفتوں میں کردیا جائے گا، فوج اور حکومت عسکریت پسندی اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے ایک ہی صفحے پر ہیں اور اب ’اچھے‘ یا ’برے‘ طالبان میں کوئی تمیز روا نہیں رکھی جارہی ۔

دوسری طرف کابینہ کے ایک رکن کے حوالے سے بتایاگیاکہ قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کے حصے کے طور پر حقانی نیٹ ورک پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے اپنے دورے کے دوران وزیراعظم میاں نوازشریف سے ملاقات میں حقانی نیٹ ورک کا معاملہ اٹھایا تھا اور ان پر زوردیا تھا کہ پاکستان دونوں پڑوسی ممالک اور امریکی مفادات کے لیے خطرے کا موجب حقانی نیٹ ورک پر پابندی عائد کرے۔اس گروپ سے وابستہ جنگجو اور اس کے قائدین پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحد کے ساتھ واقع شورش زدہ علاقے شمالی وزیرستان میں مقیم رہے ہیں اور وہ مبینہ طور پر سرحد کے آر پار آتے جاتے رہتے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان آرمی گذشتہ سال جون سے وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں طالبان جنگجوو¿ں کے خلاف’ضربِ عضب‘آپریشن کررہی ہے جس میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان سمیت دوسرے گروپوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے اور ان میں کوئی تمیز روا نہیں رکھی گئی ہے۔اس بات کو امریکہ اور اس کے مغربی اتحادی بھی تسلیم کرتے ہیں۔

RELATED POSTS