میاں بیوی کی لڑائی کوئی نئی بات نہیں ہے مگر ایک نہایت ضعیف امریکی جوڑے کی لڑائی نئی بات بھی ہے اور انوکھی بھی۔ دادی اماں شارلین اول کی عمر 83 سال ہے جبکہ ان کے خاوند چارلس اول 87 برس کے ہو چکے ہیں۔ اس عمر میں چلنا بھی محال ہوتا ہے مگر بڑی بی اور بڑے میاں کے درمیان ہاتھا پائی ہو گئی اور بات اتنی بڑھی کہ دونوں کے جسموں پر خراشیں اور گہرے زخم آئے۔
دونوں کو زخمی حالت میں فلوریڈا ہسپتال فش میموریل لے جایا گیا اور ان کی حالت دیکھ کر پولیس کو بھی بلوا لیا گیا۔ ہسپتال کے عملے اور پولیس کو مزید حیرانی کا سامنا اس وقت کرنا پڑا جب معمر جوڑے سے لڑائی کی وجہ پوچھی گئی۔ دونوں نے کچھ دیر دماغ پر زور دینے کے بعد کہا کہ انہیں بالکل یاد نہیں آ رہا کہ لڑائی کس بات پر شروع ہوئی تھی۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ضعیف العمری کی وجہ سے ان کی یادداشت کمزور ہے البتہ انہوں نے لڑائی جوان جوڑوں سے بھی زیادہ خطرناک انداز میں کی تھی۔
