Friday 16 January 2015

السیسی بھی شہباز شریف کے نقش قدم پر ، مصر میں سمارٹ کارڈ کے ذریعے سستی روٹی سکیم شروع

News
پاکستان میں پنجاب کے وزیراعلیٰ شہبازشریف نے سستی روٹی سکیم متعارف کرائی تھی جس پر آج بھی بعض ناقدین تنقید کرتے ہیں لیکن مصر کے فوجی صدر عبدالفتاح السیسی بھی شہبازشریف کے نقش قدم پر چل پڑے ہیں بلکہ اُن سے دوقدم آگے بڑھتے ہوئے سستی روٹی کی دستیابی بذریعہ سمارٹ کارڈ بھی ممکن بنا دی ہے۔
صدر السیسی نے مصری عوام کے اس دیرینہ مسئلے کو حل کرنے میں ابتدائی کامیابی حاصل کی ہے اگرچہ ان کے پیش رو حسنی مبارک سالہا سال تک حکمران رہنے کے باوجود اس معاملے میں اسی طرح ناکام رہے جس طرح ایک سال تک مصر کے منتخب صدر مرسی کامیاب نہ ہو سکے تھے جس کی وجہ سے عوام میں غم وغصہ کی فضا رہی ہے۔
 سستی روٹی کا منصوبہ قاہرہ میں متعارف کرادیاگیاتاہم صدر السیسی کو یہ نظا م پورے ملک میں پھیلانے میں وقت لگے گا۔ مصر عوام نسل در نسل حکومت سے اعانتی نرخوں پر آٹا حاصل کرتی رہی ہے۔ ماضی میں حکومت یہ آٹا بیکریوں کے حوالے کرتی تھی جو روٹی کی شکل میں شہریوں کو دیتی۔
عرب میڈیا کے مطابق مصر دنیا میں سب سے زیادہ گندم درآمد کرنے والا ملک ہے اورعوام کے مطمئن نہ ہونے کی ایک وجہ یہ ہوتی تھی کہ ان کے پہنچنے سے پہلے ہی روٹی ختم ہو چکی ہوتی تھی اور یہ سستی روٹی پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر ملتی تھی جبکہ دیر سے بیدار ہونے والے بطور خاص اس سستی روٹی سے محروم رہتے تھے۔
اس سے پہلے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں وزیر اعلی میاں شہباز شریف نے کچھ برس پہلے سبسڈائزڈ نرخوں پر سستی روٹی فراہم کرنے کا منصوبہ اربوں روپوں سے شروع کیا تھا لیکن وہ زیادہ دیر تک نہ چل سکا ، ان کے مخالفین نے ان کے اس منصوبے کو قومی وسائل تنوروں میں جھونک دینے کے منصوبے کا نام دیا اور بعدازاں یہ سستی روٹی سکیم بند کرنا پڑی۔

RELATED POSTS