Tuesday 30 June 2015

شریف برادران کو تختہ دار پر لٹکانے تک جنگ جاری رہے گی، طاہرالقادری

News


لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا ہے کہ ماڈل ٹاؤن قتل عام کا منصوبہ وزیراعظم ہاؤس میں بنا اور منصوبے کو عملی جامہ وزیراعلی شہبازشریف نے پہنایا لہذا شریف برادران کو تختہ دار پر لٹکانے تک ان کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔
لاہور میں اپنی رہائشگاہ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹرطاہرالقادری کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے قتل عام کی سرپرستی اپنے ہاتھ لے رکھی ہے، قتل کرنے والے پولیس کے لوگ ہوں گے اور تفتیش بھی وہی پولیس کرے گی تو مظلوموں کو انصاف نہیں مل سکتا، سانحہ ماڈل ٹاؤن پر حکومت اور پولیس کی بنائی گئی جے آئی ٹی کی ہمیں کوئی ضرورت نہیں جس نے قتل کا حکم دیا تھا اس کی تلاش پر جے آئی ٹی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن سانحے پر ذمے داروں کو گرفتارکیا ہوتا توڈسکہ واقعہ پیش نہ آتا، حکمرانوں نے پولیس کو قتل عام کا لائسنس دے دیا ہے اور کیا عوام وہ دن دیکھیں گے کہ حکمران اگر قتل کرائیں تو وہ بھی جیل جا سکیں۔
سربراہ عوامی تحریک کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کو بتانا چاہتاہوں کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی جگہ کھڑا ہوں اور وہ سن لیں ان کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے اور انہیں تختہ دار تک پہنچانے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن کرنے والوں سے کہتا ہوں کہ یہاں بھی 14 لاشیں انصاف کی منتظر ہیں جب کہ پنجاب کے عوام منتظر ہیں کہ اس صوبے میں آپریشن کب شروع ہوگا۔
قبل ازیں ڈاکٹر طاہر القادری دبئی سے نجی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچے تو کارکنوں کی بڑی تعداد نے ان کا پرجوش استقبال کیا جہاں سے وہ جلوس کی صورت میں ماڈل ٹاؤن میں واقع اپنی رہائش گاہ پہنچے۔

RELATED POSTS