Sunday 26 October 2014

دبئی ٹیسٹ : پاکستان نے گوروں کا غرور خاک میں ملادیا ،یونس خان مین آف دی میچ قرار

دبئی ٹیسٹ : پاکستان نے گوروں کا غرور خاک میں ملادیا ،یونس خان مین آف دی میچ قرار

    دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کو 221رنز سے شکست دیکر دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر نے کے ساتھ ساتھ ٹیسٹ رینکنگ میں پانچویں پوزیشن اپنے نام کرلی ہے ۔دبی ٹیسٹ میں یونس خان کو مین آف دی میچ قراردیاگیا۔ 
    دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹیسٹ کے پانچویں روز آسٹریلیا نے اپنی دوسری نا مکمل اننگز 59 رنز 4 کھلاڑی آﺅٹ پر شروع کی لیکن 92 کے مجموعی سکور پر کرس روجرز 43 رنز بنا کر عمران خان کی گیند پر بولڈ ہو گئے ، 101 کے مجموعی سکور پر ذوالفقار بابر نے مچل مارش کو بھی کیچ آﺅٹ کرادیا، وکٹ کیپر بریڈ ہیڈن بھی کھاتا کھولے بغیر ذوالفقار بابر کے ہاتھوں بولڈ ہو گئے۔ اس کے بعد سٹیو سمتھ 55رنز بنانے کے بعد یاسر شاہ کی گیند پر اسد شفیق کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے ۔ آسٹریلیا کے نویں آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی مچل جانسن تھے جو 61رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر سٹمپ آﺅٹ ہوئے ۔ 216رنز پرذوالفقار بابر نے 15رنز بنانے والے پیٹر سڈل کو اظہر علی کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ کراکر پندرہ برس میں دوسری مرتبہ کینگروز کو شکست کا مزا چکھا دیا ۔پاکستان کی جانب سے ذوالفقار بابر نے اننگ میں پہلی مرتبہ پانچ کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا جبکہ لیگ سپنر یاسر شاہ نے چار اور عمران خان نے ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا ۔یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر نے میچ میں مجموعی طور پر 14کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا ۔
    یہ پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف رنز کے اعتبا ر سے سب سے بڑی فتح ہے اور اس کامیابی کے بعد پاکستان آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں بھارت کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پانچویں نمبر پر براجمان ہو گیا ہے ۔
    اس سے قبل چوتھے دن کا کھیل شروع ہوا تو پاکستان نے اپنی نامکمل دوسری اننگز کا آغاز کیا تو احمد شہزاد 22 اور اظہر علی 16 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے، پاکستان کی پہلی وکٹ 71 کے مجموعی اسکور پر گری جب اظہر علی 30 رنز بنا کر اوکیفی کی بال پر کیچ آو¿ٹ ہو گئے۔ اسکے بعد احمد شہزاد اور یونس خان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور آسٹریلوی باﺅلرز کی ایک نہ چلنے دی۔ احمد شہزاد نے 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے اپنی دوسری ٹیسٹ سنچری مکمل کی۔ چائے کے وقفے پر احمد شہزاد 131 رنز بنا کر سٹیو اوکیفی کی گیند پر بولڈ ہوگئے جس کے بعد سرفراز احمد نے یونس خان کا ساتھ دیا جنہوں نے کینگروز کےخلاف دوسری اننگز میں بھی اپنی سنچری مکمل کی جس کے بعد دو وکٹوں کے نقصان پر 286 رنز پر اننگز ڈکلئیر کردی گئی۔
    یونس خان نے بتایاکہ وہ سپورٹ کرنے پر میڈیا سمیت سب لوگوں کے شکرگزار ہیں ، ایک موقع پر سوچا تھاکہ متنازع فیصلوں کی وجہ سے ٹیسٹ نہ کھیلیں لیکن بعد میں فیصلہ تبدیل کیا، ملک جیتاہے تو اس سے زیادہ اور خوشی کی کیابات ہوگی ۔
    واضح رہے کہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں یونس خان اور سرفراز احمد کی سنچریوں کی بدولت 454 رنز بنائے تھے جبکہ کینگروز ٹیم پہلی اننگز میں 303 رنز ہی بنا سکی تھی۔

    RELATED POSTS