سعودی عرب میں مقیم غیر ملکیوں کے اہل خانہ کے لئے اہم ترین معلومات
جدہ (محمد اکرم اسد سے) سعودی عرب میں مقیم اہل و عیال کے لئے یکم صفر سے فنگر پرنٹس لازمی کردئیے گئے، سعودی ڈائریکٹر جنرل محکمہ پاسپورٹ و امیگریشن کے ترجمان کرنل احمد الحیدان کے مطابق سعودی عرب میں فیملی ویزوں پر مقیم غیر ملکیوں کے اہل و عیال (خواتین اور 15 سال سے زائد عمر کے بچوں) کے لئے یکم صفر سے فنگر پرنٹس لازمی قرار دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں ہجری سال کے دوسرے مہینے سے فیملی ویزوں پر مقیم خواتین اور بچوں کا خروج و عودہ (ایگزٹ دی انٹری) پیشوں کی تبدیلی اور پاسپورٹ کی نقل معلومات اس وقت تک نہیں ہوگی جب تک پاسپورٹ کے مرکزی کمپیوٹر میں ان کے فنگر پرنٹ داخل نہیں ہوںگے، ابتدائی مرحلے میں فنگر پرنٹس کا نظام خروج وعودہ اور نقل معلومات سے مربوط کیا جارہا ہے۔ جبکہ ربیع الثانی سے اقاموں کی تجدید کے لئے بھی فنگر پرنٹس لازمی ہوگی، انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ برس پہلی دفعہ فیملی ویزے پر سعودی عرب آنے والی خواتین اور 15 برس سے زائد عمر کے بچوں کے لئے فنگر پرنٹس کا قانون لازمی کیا گیا تھا، جس پر کامیابی سے عملدرآمد ہورہا ہے۔ اب دوسرے مرحلے میں مقیم فیملیز کے لئے فنگر پرنٹس لازمی کیا جارہا ہے۔ انہوں نے یہاں مقیم فیملیز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جلد از جلد جوازات کے سسٹم میں فنگر پرنٹس فیڈ کروالیں تاکہ ان کے معاملات بلا کسی تاخیر کے مکمل کئے جاسکیں۔