راولپنڈی خیبرایجنسی کے علاقے باڑہ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 32 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔ پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے کی جانب سے باڑہ کے علاقوں تنگی سر اور کون گانا میں زمینی کارروائی کی گئی جس دوران 32 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ واضح رہے کہ دہشت گردوں کے سدباب کیلئے شمالی وزیرستان میں ضرب عضب اور خیبر ایجنسی میں آپریشن خیبرون جاری ہے جس دوران اب تک متعدد دہشت گرد ہلاک ہو چکے ہیں۔ سانحہ پشاور میں بچوں کی ہلاکت کے بعد پاک فوج کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز کر دیا گیا ہے۔