Friday, 19 December 2014

اچھائی کبھی ضائع نہیں جاتی ،سخی دل بے گھر آدمی چھوٹی سی نیکی کا بہت بڑا ثمر مل گیا

News
    لندن برطانوی شہر پریسٹن کی سڑکوں پر رات گزارنے والے ایک بے گھر شخص کی دریا دلی نے ایک طالبہ کو اسقدر متاثر کیا کہ اس کے احسان کا بدلہ اتارنے کیلئے طالبہ نے لاکھوں روپے کا فنڈ جمع کرلیا ہے۔ یونیورسٹی آف لنکا شائر کی طالبہ 22 سالہ ڈومینک ہیریسن کہتی ہیں کہ ایک رات تاخیر سے گھر واپس آتے ہوئے انہیں احساس ہوا کہ وہ اپنی رقم کھوچکی ہیں۔ جب وہ پریشان حالت میں سڑک کنارے کھڑی تھیں تو رابی نامی مفلوک الحال شخص ان کے پاس آیا اور جب اسے معلوم ہوا کہ وہ رقم کھو جانے کی وجہ سے پریشان ہیں تو اس شخص نے اپنے پاس موجود کل رقم 3 برطانوی پاﺅنڈ مدد کیلئے پیش کردئیے۔ ہیریسن کہتی ہیں کہ رابی نے اپنی کل رقم پیش کرتے ہوئے بحفاظت گھر پہنچنے کی تاکید کی تو ان کا دل بھر آیا کہ یہ شخص خود سڑک پر خالی ہاتھ رات گزارے گا لیکن اس کا دل کتنا مہربان ہے۔ انہوں نے گھر واپس آتے ہی فیسبک پر یہ واقعہ اپنے سب دوستوں کو بتایا اور سب سے اپیل کی کہ وہ صرف 3 پاﺅنڈ کا عطیہ فراہم کریں تاکہ وہ نیا گھر خریدنے میں رابی کی مدد کرسکیں۔ ہیریسن نے محض دو ہفتے میں 13,000 پاﺅنڈ (تقریباً 20 لاکھ پاکستانی روپے) جمع کرلئے ہیں اور اب وہ رابی کے گھر کیلئے پہلی قسط جمع کروانے کیلئے تیار ہیں۔ اس دل گداز واقع سے لوگ اس قدر متاثر ہوئے ہیں کہ ہیریسن کے دوستوں کے علاوہ بے شمار دیگر لوگ بھی عطیات بھیج رہے ہیں۔

    RELATED POSTS