ایران دنیا کا سب سے بڑا سینڈوچ بنانے کا ریکارڈ قائم کرتے کرتے رہ گیا اور اس ناکامی کی وجہ اس قدر دلچسپ ہے کہ سننے والے افسوس کرنے کی بجائے بے اختیار ہنس دیتے ہیں۔ دارالحکومت تہران میں ڈیڑھ کلو میٹر (1500میٹر) لمبا سینڈوچ بنایا گیا اور اس میں 700 کلو گرام شتر مرغ کا گوشت اور 700 کلو گرام مرغی کا گوشت بھرا گیا۔ گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈز کے تین نمائندوں کی زیر نگرانی دنیا کے سب سے بڑے سینڈوچ کی پیمائش کی جارہی تھی اور منتظمین کے چہرے خوشی سے دمک رہے تھے کہ وہ سب سے بڑے سینڈوچ کا عالمی ریکارڈ قائم کرنے والے ہیں کہ اسی دوران ہنگامہ برپا ہوگیا اور بے صبر تماشائی سینڈوچ پر ٹوٹ پڑے۔ چونکہ یہ سینڈوچ ڈیڑھ کلومیٹر کے علاقے پر پھیلا ہوا تھا اس لئے اس کی سیکیورٹی کا مناسب بندوبست نہ کیا جاسکا اور ہزاروں تماشائی اسے منٹوں میں چٹ کرگئے، جبکہ منتظمین حیرت اور صدمے سے منہ دیکھتے رہ گئے۔ گینیز کا عملہ بھی اس غیر متوقع صورتحال کیلئے تیار نہیں تھا اور اس وقت عجیب گومگوں کا شکار ہوگیا جب پیمائش کے دوران ہی سینڈوچ کو کھالیا گیا۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ وہ سینڈوچ کی ویڈیو گینیز بک کے عملے کو بھیج کر درخواست کریں گے کہ اس کی بنیاد پر انہیں ریکارڈ کا حق دار قرار دیا جائے۔
