Tuesday, 13 January 2015

مصباح الحق نے ون ڈے انٹرنیشنل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ورلڈکپ 2015ءکے بعد ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ہر ٹیم کا خواب ہوتا ہے کہ وہ ورلڈکپ جیتے، میگا ایونٹ کیلئے اپنا سب کچھ داﺅ پر لگانے کو تیار ہیں اور پاکستان کیلئے ورلڈکپ جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر چیز کو چیلنج سمجھ کر قبول کیا اور ہمیشہ مثبت سوچ کے ساتھ کرکٹ کھیلی۔ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ بھی درست وقت پر کیا ہے اور ورلڈکپ 2015ءکے بعد ون ڈے انٹرنیشنل فارمیٹ سے علیحدہ ہو جاﺅں گا۔ واضح رہے کہ مصباح الحق اس سے پہلے ٹی 20 کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں جس کے بعد وہ ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ مصباح الحق نے کہا کہ کیرئیر کے دوران کرکٹ بورڈ اور قوم کی حمایت کا شکرگزار ہوں اور ورلڈکپ میں قوم کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔ 
اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہریار خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مصباح الحق کی صلاحیتوں کا ہمیشہ سے علم تھا جنہوں نے ہر ٹیم کے خلاف بہترین کپتانی کی اور قومی ٹیم نے آسٹریلیا جیسی ٹیم کو تاریخی شکست سے دوچار کیا۔ مصباح الحق ورلڈکپ میں بھرپور انداز میں کپتانی کریں گے اور ریٹائرمنٹ کے بعد بھی ان کے ساتھ مشاورت کرتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ ہر کھلاڑی کا ہوتا ہو اور تمام کھلاڑیوں کے فیصلے کی قدر کرتا ہوں، مصباح کے مثبت فیصلوں کا احترام ہے۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ورلڈکپ کے بعد پاکستان نے انگلینڈ اور بھارت کے خلاف کھیلنا ہے جس میں بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔

RELATED POSTS